میاں نواز شریف، مرکزی صدر شہباز شریف، مریم نواز اور سینئر قیادت 14نومبر کو کوئٹہ پہنچیں گے، شیخ جعفر خان مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیرشیخ جعفر خا ن مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف، مرکزی صدر شہباز شریف، مریم نواز اور سینئر قیادت 14نومبر کو کوئٹہ پہنچیں گے، پارٹی قائد کی آمد پر قد آور سیاسی و قبائلی شخصیات باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گی، مسلم لیگ(ن) کی انتخابی مہم اور شمولیتوں کا سلسلہ کوئٹہ سے شروع ہونا واضح پیغام ہے کہ میاں نواز شریف کی اولین ترجیح بلوچستان ہے اور وہ صوبے اپنے دل میں رکھتے ہیں، یہ بات انہوں اپنے دفتر میں پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ 14نومبر کا سورج بلوچستان کی تاریخ میں وہ دن لیکر ابھرے گا جس دن مسلم لیگ(ن) ایک بار پھر صوبے کے سیاسی منظر نامے پر سر فہرست آئے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی آمد پر وہ تمام دوست پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے جنہوں نے گزشتہ دنوں اجلاسوں کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نہ صرف سیاسی بلکہ پارلیمانی سطح پر بلوچستان کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور سینئر قیادت کا اپنے دورے بلوچستان سے شروع کرنے سے یہ واضح پیغام جاتا ہے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کے دل کے قریب اور ہمارا دوسرا گھر ہے وفاق اور صوبے میں مسلم لیگ(ن) ہی حکومت بنائے گی اور بلوچستان کی ترقی کا سفر اور مسائل کاحل وہیں سے شروع کریگی جہاں ہم نے چھوڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں میں وسیع اتفاق رائے پیدا کرنے کا فیصلہ ان کی مثبت سیاسی سوچ کا آئینہ دار ہے اس سے پاکستان معاشی طور پر بھی مضبوط ہوگا آئندہ انتخابات میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔