بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،اسحاق جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق سیکرٹری سپورٹس بلوچستان اسحاق جمالی اور کوئٹہ ڈسٹرکٹ اینڈریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد خیرنے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرکھلاڑیوں کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ نوجوان نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں،صوبے میں کرکٹ اکیڈیمیوں کے فروغ میں اہم کردارہے،کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت تعمیر ہونے والے الریحان منی سپورٹس کمپلیکس میں غیر معیاری تعمیراتی کام کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ کے علاقے ائیر پورٹ روڈ پر الریحان منی سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت اورکھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر شہباز خان ٗ محمد عرفان اور محمد سمیع بھی موجود تھے۔محمد خیر نے سابق سیکرٹری سپورٹس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے دور میں تعمیرا ہواجس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوتے ہیں۔سابق سیکرٹری سپورٹس اسحاق جمالی نے کہا کہ مجھے یہ سپورٹس کمپلیکس دیکھ کر خوشی ہوئی مگر دکھ بھی ہوا کہ جس طرح سے یہاں کام کی ضرورت تھی اس طرح سے نہیں ہوا اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سمیت پانی اور بجلی کے مسائل پر توجہ دینی چاہئے تھی کوئٹہ میں یہ اپنی نوعیت کا ایک بڑا سپورٹس کمپلیکس ہے جہاں کھلاڑیوں کی ضرورت کے مطابق انہیں جیم سمیت کرکٹ اکیڈمی اور فٹسال سمیت دیگر کھیلوں کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں ٹیوب ویل کیلئے بجلی کے کنکشن کی فراہمی کے حوالے سے وہ سیکرٹری سپورٹس سے رابطہ کریں گے تاکہ کمپلیکس میں پانی کی کمی کو پوراکیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرکھلاڑیوں کو کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے