کانگو وائرس جس وارڈ سے پھیلا اسے سیل کیا گیا ہے، 10 ڈاکٹرز اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں ہے، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کا پھیلنا تشویشناک ہے،بلوچستان میں مال مویشی کا کاروبار کرنے والوں کی وجہ سے کانگو وائرس پھیل رہا ہے لیکن نگراں حکومت بلو چستان نے صو بے میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کر لیا ہے اور سول ہسپتال کوئٹہ میں صفائی مہم بھی جا ری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگو وائرس جس وارڈ سے پھیلا اسے سیل کیا گیا ہے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا سبب وارڈ آئندہ مزید ایک ہفتے تک سیل رہیگا۔ انہوں نے کہاکہ کانگووائرس کا شکار 10 ڈاکٹرز اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے نگراں وزیر صحت سندھ نے ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں دو ہفتوں کے لئے مذبح خانوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے گوشت کھانے سے کانگو وائرس نہیں پھیلتا عوام سوشل میڈیا پر ہو نے والے پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں۔