پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار آکر بلوچستان کی احساس محرومی و پسماندگی کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گی، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار آکر بلوچستان کی احساس محرومی و پسماندگی کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گی،صوبے کے عوام نے فیصلہ کرلیاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی کو ووٹ دے کر صدر آصف علی زرداری کے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کا نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پارٹی کے صوبائی رہنماء میر اصغر رند کی قیادت میں وفد سے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگوکر تے ہوئے کہی،ملا قات میں سیاسی امور، جنرل الیکشن اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تباد لہ خیال کیا گیا۔ روزی خان کاکڑ نے کہا کہ عوام نے قوم پرستوں، مذہب پرستوں اور نام نہاد قومی پارٹیوں کو کئی بار آزیا ہے۔ انہوں نے کرپشن، اقرباء پروری،اور اپنی اگلے نسلوں کی مستقبل محفوظ بنانے کے سوا صوبے کی پسماندگی، بیروزگاری، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، جدید تعلیمی اداروں کا قیام سمیت عوام کے بنیادی مسائل کے خاتمے کیلئے کسی قسم کا نیا منصوبہ شروع کرنے میں بری طرح ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے حکومت کو 5 سو ارب سے زائد فنڈز ایم پی ایز کو ملنے کے باوجود صوبے کی پسماندگی و دیگر مسائل میں کوئی کمی نہیں ہوئی بلکہ تمام فنڈز کرپشن و اقرباء پروری کی نظر ہوا۔ہزاروں خالی آسامیوں پر نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کرنے کی بجائے سول سیکرٹریٹ میں خرید وفروخت کی بولیاں لگی ہوئی تھی۔ اب یہی ٹولہ نئی پناہ گاہ کی تلاش میں سرگرداں ہے لیکن صوبے کی عوام باشعور ہیں ان کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیدار، قبائلی اثر رسوخ رکھنے والے شخصیات، کارکن متحرک کردار کے ساتھ عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے۔ انشاء اللہ آنے والے حکومت پاکستان پیپلز پارٹی ہی بنائے گی اور صوبے میں انقلابی منصوبوں کا آغاز کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے