ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کیلئے محب وطن ایماندار، مخلص اور عوامی سوچ کی حامل قیادت کی ضرورت ہے، میر عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کیلئے محب وطن ایماندار، مخلص اور عوامی سوچ کی حامل قیادت کی ضرورت ہے، یہ تمام صلاحیتوں سے سرشار میاں نواز شریف ہیں عوام نے اگر پاکستان کو بچانا ہے تو نواز شریف کو اقتدار میں لانا ہوگا، ملک میں عام انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی اقتدار و پیسے کے پجاری کرپٹ سیاستدان و بزنس مین اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس منڈت کی طرف روانہ ہوگئے ہیں، عوام ان لوگوں کے چہرے پہچان لیں اور آئندہ الیکشن میں ان کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے ان کی اصل جگہ پر پہنچا دیں۔ یہ بات انہوں نے خاران سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی، سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی کا کہنا تھا کہ اقتدار و پیسے کے یہ پجاری کرپٹ سیاستدان و بزنس مین اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، انہوں نے کبھی بھی ملک اور یہاں کے عوام کے بارے میں نہیں سوچا 2018کے عام انتخابات میں ان لوگوں نے ملک کے عوام کو بے وقوف بنایا اقتدار میں آکر لوٹ مار کی یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان مہنگائی دہشت گردی بے روزگاری بھوک و افلاس اور معاشی بحران کا شکار ہے جس کی تمام تر ذمہ داری انہی لوگوں پر عائد ہوتی ہے عوام کے سامنے یہ لوگ بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے 23کروڑ عوام اب یہ غلطی نہیں دھرائیں گے بلکہ ووٹ کی طاقت سے ان کرپٹ عناصر کو مسترد کرکے محب وطن ایماندار اور مخلص لوگوں کو آگے لائیں گے جو کہ ملک کو موجودہ بحران اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف عوام کی امید کی آخری کرن ہیں جوکہ محب وطن ایماندار و مخلص اور عوامی سوچ کے حامل ہیں اور ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں عوام نے ان پر اعتماد کی تو نہ صرف وہ برسر اقتدار آکر ملک سے بے روزگاری بھوک و افلاس غربت کرپشن مہنگائی اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے بلکہ پاکستان کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میاں نواز شریف جیسی شخصیت کو دوبارہ اقتدار میں لائے تاکہ پاکستان صحیح سمت کی طرف بڑھے اور ملک کے 23کروڑرعوام سکھ کا سانس لیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے