عمران خان کا پیغام عوام میں موجود ہے،لیڈر اندر باہر ہوتے رہتے ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا! شاہد خاقان عباسی

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں الیکشن کا قائل نہیں ہوں، یہ الیکشن کسی کو کچھ نہیں دے گا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور سیاست میں اس کا مقام ہے۔کراچی میں نیب کورٹ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب اور پاکستان دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔نیب کے ہوتے ہوئے حکومت کا نظام نہیں چل سکتا۔عمران خان کا پیغام عوام میں موجود ہے، لیڈر اندر باہر ہوتے رہتے ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا!

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ واحد ادارہ ہے جس کا مقصد صرف سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں جس پر نیب کا کیس بن گیا وہ بڑا مجرم ہے۔ نگران حکومت ہی کوئی فیصلہ کرلے کہ نیب کے ادارے کا کیا کرنا ہے؟سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف ایک جماعت کے پاس نہیں۔ ملک میں انتشار ہے، راستے کا تعین نہ کیا تو مشکلات بڑھیں گی۔ یہ الیکشن کسی کو کچھ نہیں دے گا، جو جماعتیں اِنتخاب لڑیں گی، سب اقتدار میں رہ چکی ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری سیاسی رہنما ہیں اور سیاست دانوں کی آپس میں ملاقاتیں ہونا اچھی بات ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں رہی، اپوزیشن میں بیٹھے نہیں لیکن بڑی جماعت تھی، پی ٹی آئی کا سیاست میں ایک رول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، کسی مشاورت میں شامل نہیں ہوتا، میری دعا ہے الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ میرا نوازشریف سے ذاتی تعلق، عزت کا رشتہ برقرار رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے