بلوچستان سے اب تک چمن بارڈر کے راستے 66 ہزار غیر قانونی افراد افغانستان جا چکے ہیں، جان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے اب تک چمن بارڈر کے راستے 66 ہزار غیر قانونی افراد افغانستان جا چکے ہیں افغانستان جانے والوں میں 300 افراد سندھ سے نکالے گئے تھے، بلو چستان میں 200 غیر قانونی غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے نگران حکومت آئندہ حکومت کے لئے ایک روڈ میپ بناکر جائے گی،پاکستان کے مخالفین کو ملکی معیشت اور پر امن حالات پیدا ہونے سے تکلیف ہے پاک فوج ملک میں امن قائم کرنے کے قربانیاں دے رہی ہے افغان ڈپٹی وزیر خارجہ کسی کی شہ پر الزامات لگانے سے گریز کریں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو نگراں وزیر صحت امیر محمد جوگیزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کے وژن اور نگراں وزیر اعلیٰ بلو چستان کی نگرانی میں غیر قانونی تارکین وطن کو انکے ملک بھیجے کا سلسلہ جا ری ہے، چمن بارڈر سے اب تک 66 ہزار غیر قانونی افراد افغانستان جا چکے ہیں افغانستان جانے والوں میں 300 افراد صوبہ سندھ سے نکالے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں رہائش پذیر 25 ہزار غیر قانونی افغان بلوچستان کے راستے رضاکارانہ طور پر افغانستان چلے گئے ہیں 200 غیر قانونی غیر ملکیوں کو بلوچستان میں گرفتار کیا گیا ہے غیر قانونی طور رہائش پذیر افراد کو بین الاقوامی اصولوں کے تحت بھیجا جا رہا ہے بعض شرپسند عناصر نے اسے اپنے مذموم مقاصد کے تحت استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن وہ مسلسل ناکامی کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت بلو چستان ایک ماہ کے دوران 1سے ڈیڑھ لاکھ غیر قانونی تارکین کو انکے ملک بھیجے گی۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت آئندہ حکومت کے لئے ایک روڈ میپ بناکر جائے گی غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل کسی طور پر نہیں روکا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین کو ملکی معیشت اور پر امن حالات پیدا ہونے سے تکلیف ہے پاک فوج ملک میں امن قائم کرنے کے قربانیاں دے رہی ہے حکومت اپنی رٹ قائم کرنا جانتی ہے لیکن اگرکسی نے بھی درمیان رکاوٹ بنے کی کوشش کی تو اسکے خلاف آئینی ہاتھوں نمٹاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ ستانکزئی سفارتی آداب کا خیال رکھیں افغان ڈپٹی وزیر خارجہ کسی کی شہ پر الزامات لگانے سے گریز کریں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے پاکستان کی معیشت اور نظام پر بوجھ ہیں، افغان ڈپٹی وزیر خارجہ اپنے شہریوں کو جلد ازجلد واپس لے جانے کا بندوبست کریں۔ انہوں نے کہاکہ کانگو وائرس کی وجہ سے بلو چستان کی حالات تشویشناک ہے۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کا پھیلنا تشویشناک ہے،بلوچستان میں مال مویشی کا کاروبار کرنے والوں کی وجہ سے کانگو وائرس پھیل رہا ہے لیکن نگراں حکومت بلو چستان نے صو بے میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کر لیا ہے اور سول ہسپتال کوئٹہ میں صفائی مہم بھی جا ری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگو وائرس جس وارڈ سے پھیلا اسے سیل کیا گیا ہے کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا سبب وارڈ آئندہ مزید ایک ہفتے تک سیل رہیگا۔ انہوں نے کہاکہ کانگووائرس کا شکار 10 ڈاکٹرز اس وقت کراچی میں زیر علاج ہیں جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے نگراں وزیر صحت سندھ نے ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں دو ہفتوں کے لئے مذبح خانوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے گوشت کھانے سے کانگو وائرس نہیں پھیلتا عوام سوشل میڈیا پر ہو نے والے پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے