انتخابی اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ہو گا،مصطفی کمال

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملک کو مسائل سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے۔

لاہور میں ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے رفقاء کا شکریہ جنہوں نے ہمیں عزت سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ آج کوئی لین دین کی بات نہیں ہوئی بلکہ پورے ملک کی بات ہوئی، کوئی ذاتی بات نہیں ہوئی، عوام کی بات ہوئی ہے، نواز شریف دکھ کے ساتھ بات کر رہے تھے، انتخابی اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے ہو گا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی دودھ دینے والی گائے ہے، اسے چارہ تو کھلائیں، 2013ء میں کراچی کی 20 میں سے 17 نشستیں ایم کیوایم نے جیتی تھیں، ہم 2013ء والی اپنی پوزیشن پر واپس جائیں گے، عوام کو دلدل سے نکالنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کوئی طاقت ور قیادت ہی اس بحران سے نکال سکتی ہے، نواز شریف کو ہر طرح کے مسائل سے نمٹنے کا تجربہ ہے، وہ اس خطے کے سب سے سینئر سیاستداں ہیں، ملک کو مضبوط اور مشکل فیصلوں کی ضرورت ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ ہم ملک چلانے کے لیے نواز شریف کی مدد کریں گے، ہمارے درمیان کافی عرصے سے بات چل رہی تھی۔مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے حالات اس وقت اچھے نہیں، ملک کو مضبوط قیادت نے بحران سے نکالنا ہے، اسے مضبوط اور مشکل فیصلوں کی ضرورت ہے، عوام کو مسائل سے نکالنے کا مشترکہ حل نہیں نکالا تو یہ ہم سب کی آخری باری ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے