کوئٹہ، کیسکوکی ماہ ستمبر اور اکتوبرمیں بجلی بلوں کی مدمیں 10ارب روپے کی ریکوری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف مہم صوبہ بھرمیں جاری ہے جس میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کی جاچکی ہے۔اس خصوصی مہم کے دوران ماہ ستمبراور اکتوبر2023میں بجلی بلوں کی مدمیں تقریباً10ارب روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی ہے جوکہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اس کے علاوہ کیسکونے اس مہم میں تقریباً69ہزار نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی مدمیں بھی اب تک تقریباً ایک ارب37کروڑ64لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔ علاوہ ازیں اس جاری مہم میں اب تک صوبہ بھر کے 1369بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مختلف تھانوں میں درخواستیں دائر کی جاچکی ہیں جس میں سے اب تک 386 ایف آئی آرزبھی بجلی چوروں کے خلاف رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 49 لاکھ یونٹس جرمانہ کی مدمیں چارج کئے گئے ہیں اورمذکورہ ڈٹیکشن شدہ یونٹس کی قیمت تقریباً25کروڑ13لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے اب تک21کروڑ62 لاکھ روپے وصول بھی کئے جاچکے ہیں۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکوکی ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھرمیں بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ اس لئے کیسکو اپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکرتے جائیں اور بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریزکریں نیزبجلی چوروں کے خلاف اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔