دشمن دہشت گردانہ کارروائیوں سے پاکستان کے امن و امان کے ماحول کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے،میر علی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکے لیکن وطن عزیز پاکستان میں امن و امان کی صورتحال پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات ک اظہار انہوں نے پسنی میں فوجی کانوائے پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور میانوالی ایئر بیس پر حملے کے واقعات پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملکی امن وامان کی صورتحال کوبگاڑ کرآئندہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔میر علی حسن زہری نے حملوں میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ پسنی واقعے کے شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ قوم ان کی اس قربانی کوکبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے میانوالی ایئربیس پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکویرٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دشمنوں کے عزام خاک میں مل گئے اور بہادر فوج کے اہلکاروں نے بزدل دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ملک بڑے نقصان سے محفوظ رکھا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بہت جلد یہ تمام دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دشمن عناصر کی جانب سے ایک بار پھر ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت امن و امان کی صورتحال کو خراب کی سازش کی جارہی ہے تاکہ ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں جو کہ شکست خوردہ عناصرکی جانب سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھناؤنی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے اور دہشت گردی اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پوری قوم خاص کر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔میر علی حسن زہری نے واقعات میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے