1 لاکھ جعلی شناختی بلاک،افغان مہاجرین کو زبردستی نکالنے کا تاثرغلط ہے،جان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گر ین گوادر) نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کو نہیں بلکہ غیر قانونی تارکین وطن کو نکال رہا ہے،40سال سے سترہ لاکھ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہے ہیں،افغانستان کے وزیر دفاع کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء پر تنقید غلط ہے، نادرا نے کوئٹہ میں 40ہزار شناختی کارڈ بلاک کئے ہیں،کوئٹہ سے بروزجمعہ 50ہزار غیر قانونی تارکین وطن واپس جاچکے ہیں، حکومت بلوچستان نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کردیادس لاکھ تک شہری اپنا علاج سرکاری خزانہ سے کروا سکیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے وزیر دفاع کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء پر تنقید غلط ہے واضح کر نا چاہتا ہوں کہ پاکستان افغا ن مہاجرین کو زبر دستی نہیں نکال رہابلکہ پاکستان صرف اور صرف غیر قانونی تارکین وطن کو انکے ملک واپس بھیج رہا ہے چاہے اسکا تعلق جس بھی ملک سے کیوں نہ ہو،پاکستان کے پاس غیر قانونی تارکین وطن کونکالنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا غیر ملکی تارکین پر احسان ہے کہ وہ انہیں صرف ڈیپورٹ کر رہا ہے دنیاء کے اکثر ممالک میں ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا تی ہے،سترہ لاکھ افغان مہاجرین کی چالیس سال سے مہمان نوازی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کر تے رہیں گے پاکستان ایک مہمان نواز ملک ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پو لیس کو ہدایت کی ہے کہ ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے غیر ملکی تارکین وطن کی عزت نفس پر آنچ آئے اگر پولیس نے کسی کوبے جا تنگ کیا تھا تو کاروائی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت اورچیف آف آرمی اسٹاف کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلو چستان نے غیر قانونی تارکین وطن کو باعزت طریقے سے بھیجنے کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں ریاست پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ بلو چستان کے تمام علاقوں میں جعلی شناختی کارڈز اور دستاویزات کوبلاک کر کے کینسل کیا جائے گا نادرا نے کوئٹہ میں چالیس ہزار شناختی کارڈ بلاک کئے ہیں اور ان میں ملوث عناصر کا طاقت کے ساتھ تعقب کیا جائے گا ابھی تک نادرانے ایک لاکھ کے قریب شناختی کارڈ بلا ک کئے ہیں نادرانے ایسے لوگوں کی بھی نشاند ہی کی ہے جوکسی اور کے خانداوں میں شامل ہو کر جعلی شناختی کارڈز حاصل کر چکے ہیں جن کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 50ہزار غیر قانونی تارکین وطن رضا کارانہ طورپر چمن کے راستے اپنے ملک روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کردیادس لاکھ تک شہری اپنا علاج سرکاری خزانہ سے کروا سکیں گے جس پر عوام کو مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مختلف صوبوں میں بھی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی جا ری ہیں کسی کے ساتھ بھی کوئی امتیاز نہیں ر کھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسی کی فرمائش پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ صرف غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈویژن سے گزشتہ دو روز کے دوران پانچ پانچ ہزار تارکین وطن اپنے ملک واپس جاچکے ہیں اسی طرح بروزجمعہ 50ہزار کے قریب تارکین وطن اپنے ملک روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو سیکورٹی میں کراسنگ پوائنٹ تک منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے کسٹمز حکام کے تعاؤن سے اتوار بازار لگائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے