بلوچستان کے لوگوں نے جس حوصلے سے ہمارا ہاتھ تھاما ہے مسلم لیگ(ن) یہاں حکومت بنائے گی،سردار ایاز صادق
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 2017میں سازش کے تحت نواز شریف کو اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان جی 20ممالک کا رکن ہوتا، بلوچستان میں پارٹی مضبوط اور مستحکم ہورہی ہے صوبے میں ہم حکومت بنائیں گے، صوبے میں مضبوط حکومت ہی ترقی کی ضامن بنے گی، مرکز میں حکومت بنی تو صوبے کی قیادت کو اعتماد میں لیکر فیصلے کریں گے، یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی جانب سے دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نواب جنگیز مری، سردار یعقوب خان ناصر، راحیلہ درانی، سردار عبدالرحمن کھیتران، میر دوستین ڈومکی، خان محمد جمالی، حاجی محمد خان لہڑی، میر عبدالغفور لہڑی،نور محمد دمڑ، محمد خان طور اتمانخیل، سردار مسعود لونی، میر علی حیدر محمد حسنی، برکت رند، طارق مسوری بگٹی، عطاء اللہ بلیدی، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، جعفر کریم بھنگر، شفقت بنگلزئی، میر مجیب الرحمن محمد حسنی، میر عبدالکریم نوشیروانی، سحر گل خلجی، محراب مری، زرک خان مندوخیل، شیخ عامر مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا 2017میں ہماری حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی جاتی تو پاکستان جی 20ممالک کا رکن بن جاتا اس وقت پیٹرول، اشیاء خوردونوش، ڈالر کی قیمتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور اس کے بعد جو نیا تجربہ کیا گیا اس کی ناکامی بھی سب نے دیکھ لی اس تجربے کے بعد بلوچستان میں بھی استحکام نہیں رہا پونے چار سال میں 70سال کے برابر قرض لیا گیا اب نواز شریف ملک کے لئے واپس آئے ہیں ہمیں یقین ہے کہ انکی سطح کا ملک میں کوئی لیڈر نہیں ہے اور وہ جماعت کو لیڈ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اعتماد کرنے پر بلوچستان کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہر شخص چاہتا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان میں بہتری آئے سمگلنگ،کرپشن، بیڈ گورننس کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے جس حوصلے سے ہمارا ہاتھ تھاما ہے مسلم لیگ(ن) یہاں حکومت بنائے گی اور ہم جس بلوچستان کا خواب دیکھتے ہیں اسے تکمیل تک پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے پنجاب کا بجٹ کاٹ کر بلوچستان کو حصہ دیا جو آج بھی دیا جارہا ہے میاں نواز شریف نے یہاں سڑکیں، پورٹ بنائے جب یہاں مضبوط حکومت ہوگی تو بلوچستا ن بھی ترقی کریگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سالوں میں بلوچستان اور پاکستان کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کیا ہے ہم بلوچستان کے طول و عرض میں پھیلیں گے اور فتح ہماری ہوگیا ملک و صوبہ مسلم لیگ(ن) کے جھنڈے تلے ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز جلدہی بلوچستان کا دورہ کریں گے اور یہاں الیکشن مہم شروع کی جائے گی وہ یہاں آئیں گے مسائل اور انکا حل سنیں گے کوئٹہ میں جلسہ رکھنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزمیں حکومت بنی تو بلوچستان میں جو کرنے ہیں وہ یہاں کی ٹیم کو اعتماد میں لیکر کریں گے صوبے کو اسکی ضروریا ت کے مطابق منصوبے دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی حالات دیگر صوبوں کی نسبت مختلف ہیں کچھ پرانے اور کچھ نئے دوست شامل ہوئے ہیں ہم صوبے میں بہتری لانا چاہتے ہیں اختلافات ہو جاتے ہیں لیکن صوبے و مرکز میں ہماری حکومت بنی تو بہتری ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے 16سے 18دوستوں نے شمولیت کا اصولی فیصلہ کیا ہے کچھ دوست شہر سے باہر ہیں جو نہیں آسکے تمام دوستوں کا یہ فیصلہ ہے کہ وہ یہ اعزاز میاں نواز شریف کو دینا چاہتے ہیں کہ وہ کوئٹہ آئیں اور انکی آمد پر شمولیت کا اعلان کریں۔