پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کو با اختیار بنایا ہے، میر چنگیز جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے ان کی شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کو با اختیار بنایا ہے اقتدار میں آئے تو ماوں بہنوں بیٹیوں کو بااختیار بنائیں گے۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، خان محمد بڑیچ، قاسم اچکزئی، سید حسنین ہاشمی، غزالہ گولہ، سردار عمران بنگلزئی، ساجدہ بنگلزئی، محی الدین رند، غفار رند، اختر بلوچ، زرینہ زہری سمیت دیگر نے جیل روڈ ہدہ کوئٹہ میں خواتین کے گرینڈ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے شہید بے نظیر بھٹو کی شکل ملک کو پہلی خاتون وزیر اعظم دیکر خواتین کو یہ باور کروایا کہ خواتین کسی بھی صورت کم تر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہداء کی جماعت ہے بے نظیر بھٹو پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی لیڈر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں خواتین کی ترقی، خوشحالی اور بااختیار بنانے کے اقدامات کئے ہیں بے نظیر انکم۔سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کے گھروں کو آباد رکھا ہے پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جس نے سندھ میں سیلاب کے بعد خواتین کو مالکانہ حقوق پر زمین دینے کا اعلان کیا ہے بلوچستان میں بھی ایسے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کیدور میں خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی کام ممکن نہیں ترقی کرنی ہے تو خواتین کو اس سفر میں برابری کا حصہ دینا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین بے انتہاء مشکلات کا شکار ہیں ہم انکے لئے ایسے منصوبے لائیں گے جس سے وہ تعلیم، ہنر، روزگار حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی بلوچستان کی خواتین کے مسائل حل کر سکتی ہے انتخابات میں خواتین بڑھ چڑھ کر ووٹ کا حق استعمال کریں اور تیر کے نشان پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے