سی ٹی ڈی صوبے کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردارادا کر رہا ہے،آئی جی پولیس بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوا در) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ بلوچستان پولیس کا محکمہ سی ٹی ڈی صوبے کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ایک انتہائی خصوصی شعبہ ہے جو صوبے میں دہشت گردی کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ دہشت گرد تنظیموں اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس جمع کرنا،انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جیسے کہ چھاپے اور گرفتاریاں کرنیاور انسداد دہشت گردی میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو تربیت اور مدد فراہم کرنے کے علاؤہ عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور اسے کیسے روکا کے لئے کام کرتا ہے۔ شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کرنے، مجرموں کو سزا دلوانے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑ ا صوبہ بلوچستان جغرافیائی اور سماجی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی جغرافیائی حالت اور اہمیت کے پیش ِ نظر اس خطہ میں امن و امان قائم و دائم رکھنا ایک چیلنج سے کم نہیں۔صوبے میں پائیدار امن کا قیام موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اس سلسلے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدید طرز پر تربیت و دیگر معاملات کی بہتری کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارآئی جی بلوچستان نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں 839افسران جن میں 11اسسٹنٹ ڈائریکٹر 38سارجنٹ، 790کارپورل اور انہی میں 33لیڈی افسران پر مشتمل 98ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پی ٹی سی محمد اشفاق عالم، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز،ایس ایس پیز کے علاوہ دیگر سینئر پولیس افسران، پاس آوٹ ہونے والے پولیس افسران کے اہل خانہ، پولیس شہداء کے ورثاء اور معززین نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاس آوٹ ہونے والے پولیس افسران نے شہریوں کی عزت نفس کے تحفظ اور قانون کی پاسداری کا حلف لیا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستا ن پولیس نے مختلف ادوار میں موقع کی مناسبت سے بہت سی تبدیلیاں کر کے اور نت نئی حکمت عملی اپنا تے ہوئے و سائل کی کمی کے باوجود امن و امان برقرا ر رکھنے میں قابل ِ قد ر کر دار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے تناظر میں پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے اندرونی حالات خراب کرنے کی غرض سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا جسے روکنے کے لئے بلوچستان پولیس نے بھی نئی حکمت عملی سے کا م لیتے ہوئے سی ٹی ڈی میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق الگ سے کارپورل سٹاف بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس یونیفارم آپ نے زیب تن کی ہے۔ اس کے تقدس کو کبھی پامال نہ ہونے دیں اور اپنے طرز عمل سے عوام کے دلوں میں اپنا اعتمادبحال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت اب پولیس کی ذمہ داریا ں بڑ ھ گئی ہیں جوانوں کو اپنے اند ر تحریک اور جذبہ لانے کی ضرورت ہے اور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا فریضہ سر انجام دیتے رہینگے۔ بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے یہ تعاون حاصل کرنے کے لئے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا نا ہو گااور عوام کی شکایات کا ازالہ کرنا ہو گااور بروقت جرائم کی بیخ کنی کرنی ہوگی۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر کمانڈنٹ پی ٹی سی محمد اشفاق عالم نے سپاسنامہ پیش کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے تربیت کے دوران پوزیشن لینے والے افسران کو مبارک باد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں مزید ترقی کیلئے شب وروز محنت کریں۔ مجھے اْمید ہے کہ تربیت پولیس نظام میں بہتری کیلئے بڑی کارگر ثابت ہو گی اور آنے والے وقتوں میں آپ ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے ادارے کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔