بلوچستان کی 15اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل،باقاعدہ اعلان نواز شریف کے دورہ کوئٹہ میں کیا جائیگا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کی پندرہ اہم شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل،باقاعدہ اعلان نواز شریف کے دورہ کوئٹہ میں کیا جائیگا ذرائع کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 15سے زائد سابقہ وزراء،ارکان اسمبلی نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر آمادگی ظاہرکردی، شمولیت کا باقاعدہ اعلان میاں نوازشریف کی کوئٹہ آمد پر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں سابق وزراء میر دوستین ڈومکی، سردار عبدالرحمن کھیتران، نور محمد دمڑ، محمد خان لہڑی، عبدالغفور لہڑی، میر عبدالکریم نوشیروانی، سردار مسعود لونی، محمد خان طور اتمانخیل، میر مجیب الرحمن محمد حسنی، سابق صوبائی وزیر میر عاصم کر دگیلو (بذریعہ ٹیلی فون رابطہ)، سابق ارکان اسمبلی میر طارق مسوری بگٹی، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، سیاسی و قبائلی رہنماؤں میر عطاء اللہ بلیدی، میر انور شاہوانی، سحر گل خلجی،شفقت بنگلزئی، جعفر کریم بھنگر،علم دین مغیری، مہیندر لعل نے کوئٹہ میں شیخ جعفر خان مندوخیل کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سردار ایاز صادق نے سابق وزراء،ارکان اسمبلی اور سیاسی و قبائلی رہنماؤں کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے دل میں بلوچستان کے لئے خصوصی محبت ہے، بلوچستان کی قدآور سیاسی و قبائلی شخصیات کی شمولیت سے پارٹی مضبوط و مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا خصوصی پیغام آپ لوگوں کے پاس لیکر آیا ہوں اور باضابطہ طور پر آپ کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔اس موقع پر تمام رہنماؤں نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ شمولیت کا اعلان میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف کی جلد کوئٹہ آمد پر کیا جائے گا۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنماء نواب جنگیز مری، سردار یعقوب ناصر، راحیلہ درانی، جمال شاہ کاکڑ، نصیر خان اچکزئی،چوہدری نعیم کریم، عبدالوہاب اٹل، حاجی برکت رند، میر علی حیدر محمد حسنی،میر محراب مری، زرک خان مندوخیل، شیخ عامر مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے