ڈیرہ اللہ یار، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی زیر تعمیر عمارتوں کی عدم تکمیل پر ڈپٹی کمشنر برہم، ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی ہدایت
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) ڈیرہ اللہ یار میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی زیر تعمیر عمارتوں کی عدم تکمیل پر ڈپٹی کمشنر شدید برہم، ایکسین بلڈنگ کو متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کر دی۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد میر باز خان مری نے ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اللہ یار کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، اس موقع پر ناظم صحت جعفرآباد ڈاکٹر محمد ایاز جمالی، ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر شوکت علی کھوسہ اور ایکسین بلڈنگ محمد اکبر لاشاری انکے ہمراہ تھے، ایکسین بلڈنگ محمد اکبر لاشاری نے ڈی ایچ کیو اسپتال کے شعبہ پیتھالوجی اینڈ بلڈ بینک، گائنالوجی اینڈ پیڈیاٹرک، 10 بستروں پر مشتمل آئی سی یو وارڈ اور ریڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارتوں کے کام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 78.35 ملین روپے کے بجٹ سے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ان شعبہ جات کی عمارتیں زیر تعمیر ہیں، متعلقہ نجی فرم کو سابق ایکسین بلڈنگ نے تعمیراتی کام کے مد میں 33.3 فیصد رقم کی پیشگی ادائیگی بھی کر دی ہے جسکے بعد ٹھیکیدار نے کام ادھورا چھوڑ دیا، اسپتال کے شعبہ جات کی عمارتوں کی تکمیل کے لیے متعلقہ ٹھیکیدار کو دو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں تاہم تعمیراتی کام مکمل کرنے کے بجائے ٹھیکیدار لیت و لعل سے کام لے رہا ہے جسکے باعث اہم شعبہ جات کی عمارتیں تشنہ تکمیل ہیں، ڈپٹی کمشنر میر باز خان مری نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمارتوں کی تعمیر 10 فیصد سے بھی کم ہوئی ہے اور ادائیگی تقریباً 50 فیصد تک پیشگی کیسے کی گئی، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کس رول کے تحت ٹھیکیدار کو کام مکمل کرنے سے قبل ادائیگی کی گئی، انکا کہنا تھا کہ سرکاری پیسے کا ضیاع اور ہڑپ کرنے والے کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے، فوری طور پر ٹھیکیدار کو تیسرا اور آخری نوٹس جاری کرکے تعمیراتی کام مکمل کرایا جائے بصورت دیگر ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرکے ادا کی گئی رقم واپس کرائی جائے، جس پر ایکسین بلڈنگ محمد اکبر لاشاری نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ ٹھیکیدار کو فوری طور پر تیسرا اور آخری نوٹس جاری کیا جائیگا، ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال کی نئی بلڈنگ کی چاردیواری بھی جلد مکمل جائے اور اسپتال میں عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کیے جائیں، اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر شوکت علی کھوسہ نے بتایا کہ اسپتال میں ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں، عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی طبی عملہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہا ہے۔