ڈیرہ اللہ یار، منی پیٹرول پمپ میں آتشزدگی کے بعد انتظامیہ متحرک ہوگئی، شہر بھر میں تمام منی پیٹرول پمپس بند
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) ڈیرہ اللہ یار میں چند روز قبل منی پیٹرول پمپ میں آتشزدگی کے بعد انتظامیہ متحرک ہوگئی، شہر بھر میں تمام منی پیٹرول پمپس کو بند کرا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار شہر کے صحبت پور روڈ پر واقع ایرانی پیٹرول کے غیر قانونی پمپ میں آتشزدگی میں جھلس کر ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا المناک واقعہ میں تین گاڑیاں، ایک رکشہ اور تین موٹرسائیکلیں بھی جل کر خاکستر ہوگئی تھیں، آتشزدگی کے واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ ایکشن میں آگئی، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد میر باز خان مری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جھٹ پٹ علی شاہ عباسی نے کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر میں قائم تمام ایرانی منی پیٹرول پمپس بند کرا دیئے اور مالکان سے لائسنس کے ساتھ این او سی بھی طلب کر لی، انتظامیہ کی کارروائی کے بعد ایرانی پیٹرول پمپس مالکان میں کھلبلی مچ گئی، کئی مالکان نے انتظامیہ پر دباو ڈالنے کے لیے بااثر افراد سے فون کالز کرانے اور اپنا اثر رسوخ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، انتظامیہ کی کارروائی کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ایرانی منی پیٹرول پمپس مالکان کے پاس اوگرا کی جانب سے کوئی لائسنس موجود نہیں، نا ہی ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جا رہا جسکے باعث آتشزدگی کا المناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک انسانی جان ضائع ہوئی دوسرا نوجوان بری جھلس کر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔