ورلڈ کپ،مسلسل 4 شکستوں کے بعد پاکستان کی پہلی فتح، بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
کولکتہ (ڈیلی گرین گوادر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے 31ویں میچ میں پاکستان نے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ دیکھنے میں آئی، اوپننگ بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 128 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔عبداللہ شفیق 128 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، عبداللہ شفیق نے 69 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے جبکہ کپتان بابر اعظم 19 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم کے بعد فخر زمان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 169 کے مجموعی سکور پر مہدی حسن کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، فخر زمان نے 74 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔اس کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ دیے بغیر 33ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا، محمد رضوان نے 26 اور افتخار احمد نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
قبل ازیں بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 204 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔بنگلادیش کو پہلا نقصان صفر پر اٹھانا پڑا جب شاہین نے پہلے ہی اوور میں اوپنر تنزید حسن کو آؤٹ کیا جبکہ بنگال ٹائیگرز کی دوسری وکٹ بھی شاہین نے ہی اڑائی، 6 رنز کے مجموعی سکور پر نجم الحسن کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
حارث رؤف نے مشفق الرحیم کو پویلین لوٹایا جبکہ لٹن داس اور محمود اللہ نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر افتخار احمد نے 102 رنز کے مجموعی سکور پر داس کو ڈگ آؤٹ بھیج دیا تھا۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شکیب الحسن 43، توحید ہردوئے 7، مہدی حسن میراز 25، تسکین احمد 6 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے تھے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے 3،3 ، حارث رؤف نے 2 جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔