صوبہ بھر کے 1369بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مختلف تھانوں میں درخواستیں دائر 386 ایف آئی آرزدرج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبہ بھرمیں کیسکوکے زیرانتظام تمام علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیاں جاری ہے اوراس جاری مہم میں اب تک صوبہ بھر کے 1369بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مختلف تھانوں میں درخواستیں دائر کی جاچکی ہیں جس میں سے اب تک 386 ایف آئی آرزبجلی چوروں کے خلاف رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 45 لاکھ22 ہزار یونٹس جرمانے عائد کردئیے گئے ہیں اورمذکورہ ڈٹیکشن شدہ یونٹس کی قیمت تقریباً23کروڑ22لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے بجلی چوروں سے اب تک 19کروڑ21 لاکھ روپے جرمانہ کی مدمیں رقم وصول بھی کئے جاچکے ہیں۔اسکے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکونے 59ہزار نادہندگان سے مجموعی طورپرایک ارب23کروڑ47لاکھ روپے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں بھی وصول کیئے ہیں۔کارروائی کے دوران نادہندگان کے ٹرانسفارمرز بھی بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتارے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکوکی ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھرمیں بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ اس لئے کیسکو اپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے بقایاجات بھی اداکرتے جائیں اور بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریزکریں نیزبجلی چوروں کے خلاف اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔