بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ایک ہی ملک کے اندر رہتے ہوئے ہمیں بلاامتیاز تمام شہریوں کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کو برابری کی بنیاد پر یقینی بنانا ہوگا کیونکہ پاکستان کا آئین ہی پاکستان کی تمام مذہبی اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے. صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسکندر جمالی آڈیٹوریم میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر نگران صوبائی اطلاعات جان اچکزئی،سردار ذہین العابدین خلجی، جید علما کرام و مشائخ، دیگر مذاہب کے سرکردہ افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ اللہ تعالی رب العالمین ہے وہ تمام انسانوں کا خالق ہے. انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہماری آولین شناخت بطور انسان ہے اسطرح جغرافیائی، نسلی، لسانی اور مذہبی تقسیمِ بات کی باتیں ہیں. ہم نے تو اپنے سیاسی اکابرین سے یہی سیکھا ہیں کہ ہم رنگ، مذہب اور نسل کی بنیاد پر کسی سے دشمنی نہیں کرتے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ دور جو چیلنجز درپیش ہیں اس کیلئے ہمیں ملک وصوبے کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، اختلاف رائے کا احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا. انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبوں میں تمام اقلیتوں کا زندگی کے مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ بھی آپ ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے. آخر میں گورنر بلوچستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور شرکا کو خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے