مصر،دھند کے باعث 29 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، 32 افراد ہلاک،60 زخمی
قاہرہ(ڈیلی گرین گوادر)مصر میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق حادثہ مصر کے گورنریٹ بہیرا کی ہائی وے پر پیش آیا۔ انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر بس مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی جانب رواں دواں تھی کہ صبح کے وقت شدید دھند کے باعث ہائی پر کھڑی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد دیکھتے دیکھتے دیگر گاڑیاں بھی پہلے بس اور پھر ایک دوسرے میں جا گھسیں۔
اطلاعات کے مطابق تصادم میں 29 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، ایک بس سمیت 6 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔مصر کی وزارت صحت نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 60 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔