محکمہ زراعت کے افسران زمینداروں کو زراعت کے جدید طریقوں سے آگاہی کو یقینی بنائیں، سہیل الرحمن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری زراعت اور کوآپریٹیو بلوچستان سہیل الرحمن نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبوں میں پلاننگ کے تحت تمام ٹریننگز حالیہ چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی جائیں اور عوام کیلئے مستقل بنیادوں پر تحقیق اور سروے کروا کر عوام الناس تک تجزیہ پہنچانا ناگزیر ہے،محکمہ کے افسران اور عملہ زمینداروں کو زراعت کو جدیدخطوط پر استوار کرنے کیلئے معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ زمیندارزرعی پیداوار میں اضافہ کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں،محکمہ زراعت جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈائریکٹریٹ جنرل محکمہ زرعی انجینئرنگ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ زرعی انجینئرنگ بلوچستان سید بشیرآغانے انہیں ڈائریکٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا اورافسران کا ان سے تعارف کرایا۔سیکرٹری سہیل بلوچ کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ زرعی انجینئرنگ بلوچستان سید بشیرآغا نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے بلوچستان گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت گزشتہ دو سال کے دوران 912ٹریکٹر بذریعہ قرعہ اندازی زمینداروں کو 50فیصد رعایتی قیمت پر فراہم کئے۔انہوں نے کہا کہ 2014-15ء کے پی ایس ڈی پی میں 200بلڈوزروں کی اسکیم شامل کی گئی تھی جس کے تحت ابتک 96بلڈوزر خریدے گئے ہیں اورا س سال مزید10سے 15بلڈوزر خریدے جائیں گے جبکہ 500ملین روپے کی لاگت سے لیزر لیولر اسکیم رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل ہے اس سال 100ملین کی لاگت سے50فیصد رعایتی نرخوں پر لیزر لیوز زمینداروں کو فراہم کئے جائیں گے۔سیکرٹری زراعت اور کوآپریٹیو بلوچستان سہیل الرحمن نے اس موقع پر افسران سے بات چیت کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ محکمہ کے تمام افسران اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی کو یقینی بنائں اور زمینداروں کے مسائل کو حل کریں کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف شکایت موصول ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے پاس موجود تمام مشینری کو ورکنگ کنڈیشن میں رکھا جائے اگر مشینری میں کوئی بھی خرابی ہے تو اسے دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران زمینداروں کو زراعت کے جدید طریقوں سے آگاہی کو یقینی بنائیں تاکہ زمیندار زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے