جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے طوفان الاقصی کانفرنس کل ہو گی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے طوفان الاقصی کانفرنس کل ہو گی جس میں شرکت کیلئے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور حماس کے رہنما ء ڈاکٹر ناجی ظہیر کوئٹہ پہنچ گئے،کانفرنس سے حماس کے بانی سربراہ خالد مشعال وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔کوئٹہ کے ایو ب اسٹیڈیم میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام طوفان الاقصی کانفرنس کا آغاز آج (اتوار) کوصبح گیارہ بجے ہوگا، کانفرنس کے انعقاد کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گراونڈ میں اسٹیج بنالیا گیا ہے،کانفرنس میں شرکت کیلئے جے یو آئی کے کارکنوں کی صوبے بھر سے آمد کا سلسلہ جاری ہے جلسے کی سیکورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ جے یوآئی کی ذیلی شاخ انصار اسلام کے رضاکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے،طوفان الاقصی کانفرنس سے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری،مولانا عبدالواسع اور دیگر رہنما ء اور حماس کے نمائندے ڈاکٹر ناجی ظہیر بھی خطاب کریں گے حماس کے بانی سربراہ خالد مشعال وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔