غیر قانونی مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ٗ جان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے غیر قانونی طور پر صوبے میں مقیم تارکین وطن کو نکالنے کی حکمت عملی کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں حکومت پوری قوت کے ساتھ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرائیگی،چند سیاسی عناصر معاملے کو سیاسی بنانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں غیر سنجیدہ اورغیر منطقی مطالبات کسی صورت بھی تسلیم نہیں کئے جائینگے،ڈیڈ لائن مکمل ہو نے کے بعد تمام غیر قانونی تارکین وطن کی پراپرٹی حکومت ضبط کرلے گی، چمن بارڈر پر پرسسر سسٹم IBMSکو مزید پھیلا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کوکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت بلو چستان نے صوبے میں غیر قانونی طورپر مقیم 13 لاکھ غیر ملکی تارکین وطن کو نکالنے کے فیصلے پر نظر ثانی نہ کر نے کا فیصلہ کیا ہے،ریاست کے پاس یہ حق حاصل ہے کہ وہ غیر قانونی افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے، حکومت غیر قانونی طور پر صوبے میں مقیم تارکین وطن کو آگاہی فراہم کر چکی ہے لیکن اب حکومت بلو چستان یکم نومبر کے بعد پوری قوت کے ساتھ اپنے فیصلے پر عملدر آمد کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند سیا سی عناصر اپنی سیاست چمکا نے کے لئے مسائل پیدا کر نے کی ناکام کو ششیں کر رہے ہیں غیر سنجیدہ اور غیر منطقی مطالبات کوکسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا چند افراد چمن اور سپن بولدک کو استثنی دینے کا شوشہ کر رہے ہیں جو بے بنیاد ہے ایسا کوئی بھی استثنیٰ نہیں دیا جائیگا جس سے دہشتگرد اور جرائم پیشہ افرادفائدہ اٹھاسکیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام متعلقہ ادارے مل کر غیر ملکیوں کو نکالنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے اور غیر ملکیوں کو نکالنے کے لئے کنٹرول سینٹر بنایا جارہا ہے جس میں تمام ادارے موجود ہونگے،ڈی پورٹ کئے جانے والوں کامکمل ڈیٹا رکھا جائیگا،پنجاب اورسندھ سے آنے والے غیر ملکیوں کے قافلوں کو بلو چستان میں مکمل سیکورٹی فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو جگہ کرایہ پر دینے والوں کیخلاف بھی کارروائی کر نے کا فیصلہ کیا ہے، تمام مالکان کو فوری طورپر غیر ملکیوں سے اپنی جائیدادیں خالی کروا لیں، آپریشن کے دوران جس گھر میں غیر ملکیوں کو پایا گیا تو پراپرٹی کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی،غیر قانونی تارکین وطن کو ملازمت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے حاجی کیمپ کوئٹہ کو ”ہولڈنگ سینٹر“ میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں پر غیر قانونی غیر ملکوں کو رکھاجائے گا اور انہیں وہاں تمام سہولیا ت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت پڑھنے پر کوئٹہ،چمن،پشین میں مزید سینٹرز بنائے جائینگے چمن بارڈر پر پرسسر سسٹم IBMSکو مزید پھیلا جارہا ہے چمن کے علاوہ قمرالدین،قلعہ سیف اللہ،رابچہ،نور وہاب،چاغی میں کراسنگ پوائنٹ بنائے جارہے ہیں خیبر پختوانخواء کے تارکین وطن کو بلو چستان سے نہیں بلکہ کے پی کے کے کراسنگ پوائنٹ سے بھیجا جائے گا سندھ اور پنجاب سے آنے والے قافلے جعفر آباد چمن کے راستے بھیجا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں اپنی سیا ست ضروری کریں لیکن ہماری اپیل ہے کہ قومی مفاد کے لئے فیصلوں میں رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی بناء پاسپورٹ کے صوبے میں داخل ہو نے کی اجازت نہیں دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے