خدیجہ شاہ کی توہین عدالت کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی
لاہور (ڈیلی گرین گوادر)لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی درخواست پر سماعت کی خدیجہ شاہ نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالت میں پنجاب پولیس نے رپورٹ پیش کی جس میں بتایا کہ خدیجہ شاہ پر دو مقدمات درج ہیں مگر اب تیسرے مقدمے میں بھی نامزد کردیا گیا ۔ اس میں پولیس کی بدنیتی شامل ہے ۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت آئی جی پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی شروع کرے ۔ دوران سماعت سی سی پی او لاہور نے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ خدیجہ شاہ کو انکے گرفتار ملازم کے بیان کی روشنی میں نئے مقدمے میں گرفتار کیا ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ سے تفتیش کی اجازت دی ۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے عدالت کو بھی معلوم ہے۔ اگر ایسا چلتا رہا تو قانون اپنا راستہ لے گا ۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور کو دوبارہ تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔ عدالت نے سماعت ستائیس اکتوبر تک ملتوی کردی۔