نوازشریف کو قوم کی تقدیر بدلنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا،شہباز شریف

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو قوم کی تقدیر بدلنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا، نوازشریف عوام کے لیے جدوجہد کا نام ہے، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے نوازشریف آگیا ہے، تمام تر زیادتیوں پر بھی نوازشریف نے صبر کا مظاہرہ کیا، نوازشریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا تھا۔

مینار پاکستان پر مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ملک بھر سے لوگ نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور میں آئے ہیں،

شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف ایک جدوجہد، جذبہ، جنون اور مسلم لیگ ن کا نام ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں مینار پاکستان پر اس سے بڑا جلسہ 76 سال میں کبھی نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف معمار پاکستان ہے، قائد پاکستان مسلم لیگ ن نے جب جب ملک کی تقدیر کی بدلی تو اقتدار سے الگ کر دیا گیا، نوازشریف کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، جیل میں ڈالا گیا مگر صبر اور برداشت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے 9 مئی کا واقعہ ہونا تو دور کی بات ہے ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، اب نوازشریف دوبارہ آ گیا ہے، ملک سے اب لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا، بے روزگاری ختم ہو گی اور روزگار ملے گا جبکہ مہنگائی کا بھی خاتمہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے