سابق وزیراعظم نوازشریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے،قانونی دستاویزات پر دستخط
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچ گئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جس کے بعد وہ طیارے سے باہر آئے۔
سینئر لیگی رہنما اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جبکہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔
اسلام آباد کے ایئر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا اور طیارے کو وفاقی دارالحکومت میں لینڈنگ کیلئے گرین سگنل دیا۔سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 34 منٹ تاخیر سے 11 بجکر 4 منٹ پر دبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا اور ان کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی ہے ۔
ایئرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کر دیئے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔