بلوچستان کی جامعات کے لئے بیل آؤٹ پیکج دینے پر غور کر رہے ہیں،مدد علی سندھی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے بلوچستان کی جامعات میں 25ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، صوبائی حکومت جامعات کی گرانٹ میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، بلوچستان کی جامعات کے لئے بیل آؤٹ پیکج دینے پر غور کر رہے ہیں،صوبے کی جامعات کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی بنائیں گے۔یہ با ت انہوں نے جمعہ کو بیوٹمز میں بلوچستان کی جامعات کے امور کا جائزہ لینے کے لئے وائس چانسلران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں نگراں وزیر خزانہ بلوچستان امجد رشید،چیئر مین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد،بلوچستان کی جامعات کے وائس چانسلرڈاکٹرخالد حفیظ، ڈاکٹر احسان،ڈاکٹر ساجدہ نورین، ڈاکٹر عبدالمالک،ڈاکٹر جان محمد، ڈاکٹر مقصود احمد، ڈاکٹر دوست محمد،ڈائر یکٹر جنرل ایچ ای سی بلوچستان ظہور بازئی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگرا ں وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ نگراں حکومت اچھی بنیاد رکھنے جارہی ہے وقت آگیا ہے کہ جامعات کے وائس چانسلران عیار تعلیم،نظم و ضبط اور مالی وسائل کے بہتر استعمال کی جانب گامزن کریں۔انہوں نے کہا کہ جامعات کے مسائل سے کوئی سے بھی انکار نہیں کر سکتا اس حوالے سے معیار تعلیم کی بہتری کے لئے ٹاسک فورس بنائی جائیگی جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جامعات کے مسائل کے حل کا معاملہ وزیراعظم سے سفارش کر کے مشترکہ مفادات کونسل میں بھی لائیں گے ہمیں ہنرمند اور صنعتوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین ایچ ای سی ایک کمیٹی بنائیں جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہو ہم جامعات کو بیل آؤٹ پیکج دینا چاہتے ہیں مگر اسے کارکردگی میں بہتر سے منسلک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی جامعات کے مسائل کا حل نکالنا نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہے بلوچستان کے حوالے سے کمیٹی بنائیں گے اور ہم اس مسئلے کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکول اور جامعات کے درمیان خلیج ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر چیئر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ بلوچستان کی دو بڑی جامعات بیوٹمز اور جامعہ بلوچستان میں اس وقت مالی بحران ہے جامعات کو حکومتی سطح پر بیل آؤٹ پیکج دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جامعات کے وائس چانسلران اداروں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے عملی اور دیرپا اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے میں سیکھنے اور پڑھانے کے طریقہ کار کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر تمام جامعات کے وائس چانسلران نے معیار تعلیم کی بہتری اور مسائل کے حل کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے