آرمی چیف اور وفا قی وصوبائی حکومتیں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں، جان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور وفا قی وصوبائی حکومتیں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں لیکن کیسکو کا رویہ ان کوششوں کے برعکس ہے، کیسکو معائدے کے باوجود زرعی شعبے کو بجلی فراہم نہیں کررہی، کیسکو معائدے سے ہٹ کر آرمی چیف وفاقی صوبائی حکومتوں کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، حالیہ دنوں میں بجلی نہیں ملی تو زراعت میں اربوں روپے کا نقصان ہوگا، کیسکو کے لئے فنڈز منظور کرلئے جب تک بجلی نہیں دی جاتی فنڈ ریلیز نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرا ت کو بلو چستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عبد الرحمن بازئی، عبد القہار آغا، عبد الجبار کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ جان اچکزئی نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور وفا قی و صوبائی حکومتوں کے وژن کے مطابق زراعت کے شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن واپڈا کا رویہ حکومت اورآرمی چیف کے وژن کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت بلو چستان اور کیسکو کے دمیان معاہد ہ ہوا تھا کہ حکومت کیسکوکو 80کروڑ فراہم کر ے گی جس پر وہ زمینداروں کو 8گھنٹے بجلی فراہم کر ے گی لیکن افسوس کی بات ہے کہ کیسکو مافیا کا کر دار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ مسئلہ زمینداروں کا نہیں بلکہ ملک کی معیشت کا مسئلہ ہے اگر حالیہ دنوں میں بجلی نہیں ملی تو زراعت میں اربوں روپے کا نقصان ہوگا، حکومت نے کیسکو کے لئے فنڈز منظور کرلئے لیکن جب تک کیسکو بجلی نہیں دیتی حکومت فنڈ ریلیز نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کیسکو کی ہٹ دھر می کی وجہ سے بلو چستان کے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں بجلی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کاروائی نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے،بجلی کی ولٹیج مکمل آتی نہیں لیکن بجلی کا بل ڈھائی لاکھ روپے آجا تا ہے، بلو چستان کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ اس موقع پر بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی نے کہا کہ نگراں حکومت بلو چستان کامشکل حالات میں بھی کیسکو کوفنڈز دینے کا اعلان ایک معجزہ ہے، نگراں حکومت زمینداروں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کر ہی ہے لیکن کیسکو کی ہٹ دھرمی ہمارے سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی یقین دہانی اور معائدے کے نتیجے میں زمینداروں نے ہڑتال ختم کی تھی،حکومت کی جانب سے سبسڈی کی رقم کیسکو کو دینے کے اعلان کیا گیا ہے لیکن اسکے باوجود کیسکو بجلی نہیں د ے رہی، زمینداروں کا پانی بند کرنے کا مطلب گندم کی کاشت سے روکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کیسکو کو 48 گھنٹے کاالٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ بجلی بحال نہ ہوئی تو سخت لائحہ عمل اپنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے