بجلی بلوں کی مدمیں ماہ ستمبر2023تک نادہندہ صارفین کے مجموعی بقایاجات 578ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے نادہندگان کے ذمہ بجلی بلوں کی مدمیں ماہ ستمبر 2023 تک کے مجموعی بقایاجات 578ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔اس مذکورہ رقم میں سے زرعی صارفین کے ذمہ 437ارب روپے سے زائد بقایاجات واجب الاداہیں۔ اسکے علاوہ زرعی سبسڈی کی مدمیں حکومت بلوچستان نے48ارب 63کروڑروپے جبکہ وفاقی حکومت نے زرعی سبسڈی کی مدمیں 23ارب روپے اداکرنے ہیں۔اس طرح مجموعی طورپر زرعی سیکٹر کے ذمہ ماہ ستمبر2023 تک کے مجموعی بقایاجات 508ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔زرعی صارفین کو ماہ ستمبر میں تقریباً 9ارب 75کروڑروپے کی بلنگ ہوئی جس میں سے صوبہ کے زمینداروں نے صرف 15کروڑ69لاکھ روپے جمع کرائے ہیں یعنی زمینداروں کی جانب سے بلوں کی جمع کرانے کی شرح ادائیگی کی صرف 1.61 فیصد رہی۔ صوبائی حکومت کو ماہ ستمبر میں 984ملین روپے کی بلنگ ہوئی جن میں سے 826ملین روپے کی ادائیگی کر دی گئی جوکہ کل ادائیگی کی شرح 79فیصد بنتی ہے اور اس طرح مجموعی طورپراب صوبائی حکومت کے ذمہ بجلی بلوں کی مدمیں 34ار ب17کروڑ روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔ اسی طرح وفاقی حکومت اور اس کے ذیلی محکموں کو ماہ ستمبر میں 701ملین روپے کی بلنگ ہوئی جن میں سے موجودہ اور بقایاجات کی مدمیں وفاقی محکموں کی جانب سے کیسکوکو905ملین روپے کی ادائیگی کردی گئی اور اس طرح وفاقی حکومت کی جانب سے صرف ماہ ستمبر میں بجلی کے بل جمع کرنے کی شرح123فیصد رہی اوراب وفاقی حکومت کے ذمہ مجموعی طور پرتقریباًایک2ارب98کروڑ روپے واجب الاداہیں۔ اس کے علاوہ دیگرنادہندہ صارفین جن میں گھریلو،تجارتی اورصنعتی صارفین شامل ہیں اُن کے ذمہ مجموعی طورپر32ارب56کروڑروپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔واضح رہے کہ نادہندہ صارفین اور نادہندہ سرکاری محکموں کی جانب سے بروقت بل اور بقایاجات جمع نہ کرانے کی وجہ سے بجلی کے جاری ترقیاتی منصوبے بھی متاثر ہورہے ہیں جن کو بروقت مکمل کرنے میں بھی مشکلات پیش آنے کے علاوہ دیگرتمام صارفین کے لئے بھی لوڈشیڈنگ جیسے کئی مسائل پیداہورہے ہیں۔ کیسکوچونکہ بذات خود بجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے جوکہ ادائیگی کے بغیر کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔لہٰذاصارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کریں جوکہ صرف اورصرف بلوں کی وصولیابی سے ہی ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو اپنے تمام نادہندہ صارفین خصوصاً زرعی صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے تمام واجب الادابقایاجات بھی اداکریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے