انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقادکیلئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں،چیف الیکشن کمشنر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے سول سیکریٹریٹ کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ، ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل آئی جی پی جواد احمد ڈوگر، اوردیگر صوبائی سیکرٹریز اور افسران نے شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں، صاف وشفاف انتخابات اہم قومی ذمہ داری ہے اور قومی فریضے کو بااحسن پورا کرنے کیلئے نگران حکومت بھرپور کردار ادا کرے جس کے لئے الیکشن کمیشن مکمل مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کے انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ کے عمل میں سیاسی وابستگی سے بالا تر عملے کی تعیناتی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اور اگر اس طرح کی کوئی شکایات ملی تو فوری ایکشن لیا جائیگا۔ افسران کی تبادلے مکمل طور پر میرٹ پر کئے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی سیاسی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات پر اجلاس کو آگاہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان نے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت بھرپور انتظامات کر رہی ہے۔ اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ صوبے بھر میں پرامن اور انتظامی طور پر بہترین انتخابات ہوں۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان قومی اسمبلی کے 16 اور صوبائی اسمبلی کے 51 جنرل نشستوں پر کیلئے 52 لاکھ 84 ہزار 594 ووٹرز رجسڑڈ ہیں۔ صوبے میں 5067 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں سے 2038 انتہائی حساس اور 2068 حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایات دیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابات سے قبل ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اپنے اضلاع کے تمام مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کا فوری طور پر دورہ کریں اور وہاں بنیادی انتظامات کا جائزہ لیکر انہیں یقینی بنائیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں صوبائی بیوروکریسی میں 100 فیصد ٹرانسفر پوسٹنگ پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ مزید یہ کہ پولنگ اسٹیشنز پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں آئی جی بلوچستان نے بتایا کہ بلوچستان پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ کوئیک رسپانس فورس بھی کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں الرٹ ہوگی اور الیکشن کے پْرامن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی نے سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے سینٹرلائزڈ کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے