ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی آئندہ ڈریں گے، میرچنگیز خان جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے سانحہ کار ساز کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی آئندہ ڈریں گے پیپلز پارٹی غریب پرور جماعت ہے ہم نے ہمیشہ روٹی،کپڑا اور مکان کی بات کی ہے عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ملک میں واپس آنے پر پورے پاکستان کے شہریوں میں خوشی کی کیفیت تھی کہ اب ان کا مسیحا آ گیا ہے جو پاکستان کی عوام، مزدوروں، کسانوں کو غربت سے نجات دلائے گا۔انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن پاکستان کی تاریخ میں اس ہولناک دہشت گردی کی یاد دلاتا ہے جب دہشتگردوں نے نہتے اوربے گناہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں کو بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا جس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی اس دن پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن وسابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو آٹھ سال کی طویل خودساختہ جلا وطنی کی زندگی گزارنے کے بعد کراچی پہنچیں تو ان کے استقبال کے لیے ملک بھر سے آنے والے لوگوں کا اتنا بڑا جلوس تھا کہ انہیں کراچی ایئرپورٹ سے کارساز تک پہنچنے میں 10 سے زائد گھنٹے لگے،پیپلز پارٹی کی بہادر لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو ڈرانے کے لئے ان کے استقبالیہ قافلے میں بم دھماکے کرائے گئے دہشت گردی کے اس واقعے میں 180سے زائد جیالے شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے جان کا خطرہ ہونے کے باوجود محترمہ شہید بی بی بے نظیر بھٹو اپنے ملک اپنے لوگوں کے درمیان آئیں اور قافلے پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے باوجود وہ دوسرے دن زخمیوں کی عیادت کے لیے گئیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز میں بینظیر بھٹو شہید نے بہادری کی مثال قائم کی تھی جسکی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سانحہ کارساز کے شہداکو انکی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور یہ عہد کرتی ہے کہ شہدا کے مشن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے