صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں مفرور ملزمہ کی گرفتاری عدالت میں منتقلی کے بعد کیس کی سماعت کا آغاز
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں مفرور ملزمہ کی گرفتاری اور مقدمہ کو ایڈیشنل سیشن جج (7) رمضان ابابکی کی عدالت میں منتقلی کے بعد کیس کی سماعت کاباقاعدہ آغاز ہوگیا۔منگل کے روزسیشن کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (7)رمضان ابابکی کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت پولیس نے گرفتار ملزمہ کو عدالت کے روز برو پیش کیا دوران سماعت معزز جج نے آئندہ سماعت پر پولیس گواہان کو طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 25 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ مقدمہ میں بعداز گرفتاری ضمانت پر رہا ہوکر ایک سال سے زائد تک روپوش رہنے کے بعد 9 اگست کو ملزمہ کو ضلع کچہری کے احاطہ سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزمہ کی گرفتار ی کے بعد ایڈیشنل سیشن جج (9) نے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کرتے ہوئے مقدمہ کی منتقلی کیلئے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کیا تھا جس پرگزشتہ ہفتے مقدمہ کو ایڈیشنل سیشن جج (7) رمضان ابابکی کی عدالت منتقل کیا گیا جہاں منگل کے روز باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوا۔