جمہوریت کی بنیادوں میں ہماری قیادت اور کارکنوں کا خون شامل ہے،غزالہ گولہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدرغزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے انحہ کارساز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہید جیالے کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کو جلا بخشی جن کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سانحہ کار ساز کی برسی کے موقع پراپنے ایک مشترکہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بنیادوں میں ہماری قیادت اور کارکنوں کا خون شامل ہے آج کے دن شہید بی بی ان اور انکے جانثاروں نے آمر کا مقابلہ کیاہم جانیں دے کر بھی میدان میں کھڑے ہیں، آمروں نے ہمیشہ طوالت اقتدار کی خاطر جمہوریت پسندوں کا خون بہایا ہے پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں نے ہر آمریت کے خلاف خون کا نذرانہ دیا ہماری منزل ایسا پاکستان ہے جہاں بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب و جنس سب پاکستانی برابر ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان کی طرف سفر جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اٹھارہ اکتوبر جمہوریت کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس دن پاکستان پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکنوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وطن واپسی پر استقبال کرکے اور اس سانحہ میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ جمہوریت کو کچلنے کی کوشش کی ہے مگر پاکستان کے غیور عوام نے ان پر کبھی اعتماد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نہ کبھی جیلوں کی پرواہ کی ہے اور کوڑے کھانے میں پیچھے ہٹے ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر انہوں نے اپنے خون سے جمہوریت کے پودے کو سینچا ہے آج پاکستان میں جمہوری اقدار کی پاسداری صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا دن قومی سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستان کی بہادر بیٹی شہید بی بی نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر وطن کی مٹی پر قدم رکھا اور آمروں کو کھلا پیغام دیا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے سانحہ کار ساز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے