بی این پی کا 22 اکتوبر کو سرداراخترمینگل کی قیادت میں وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کااعلان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وڈھ کے حالات خراب کر کے سردار اختر جان مینگل کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، بی این پی کو بلوچستان کے ساحل و سائل پرآواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے، 2008 سے 2014 تک بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا،سر دار اختر جان مینگل کی قیادت میں 22 اکتوبر کو وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کیا جائے گاجس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ یہ بات بلو چستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سابق اراکین صوبائی اسمبلی ملک نصیر شاہوانی، اختر حسین لانگو، شکیلہ نوید دھوار، مرکزی لیبر سیکر ٹری موسیٰ بلوچ، میر عبد الرؤف مینگل، ساجد ترین نے منگل کوکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ کے حالات جا ن بوچھ کر خراب کر نے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، بی این پی کے قائد سر دار اختر جان مینگل اور بلو چستان نیشنل پارٹی کو وڈھ کے حالات میں انگیج کر کے آنے والے انتخابات میں چند عناصر اپنے مذموم مقاصد حال کر نا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ میں بلو چستان کے عوامی کی بہترین نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں سیا سی ورکروں،کارکنوں کو بے دردری سے شہید کیا گیا بلو چستان نیشنل پارٹی کے 100سے زائد ورکر ز شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ کے حالات چندماہ میں زیاد ہ خراب ہوئے ہیں لیکن حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طورپر ناکام نظر آتی ہے جس کی وجہ سے آج وڈھ کے عوام سڑکوں پر نکل آئی ہے،ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں یکطرفہ فیصلہ کیا گیا ہے، بی این پی بلو چستان کے عوام کو کسی بھی صورت تن وتنہا نہیں چھوڑے گی ہر سطح پر عوام کے حقوق کی خاطر آواز بلند کر تے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 2روز قبل وڈھ میں مورچے ختم کر دئے گئے ہیں لیکن مخالفین کے مورچے تاحال اپنی جگہ پر موجود ہیں،ریاست ایک ہی شخص کو تحفظ دینا چاہتی ہے جس سے وڈھ کے حالات میں بہتری نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلو چستان نیشنل پارٹی کے مرکزی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بی این پی کے قائد سر دار اختر جان مینگل کی قیادت میں 22اکتوبر کو وڈھ سے لانگ مارچ نکالا جائے گا جو شام 4بجے ہاکی چو ک کوئٹہ پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرے گا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے لانگ مارچ میں خضدار، سوراب، پنجگور، تربت، نو شکی، خاران، نصیر آباد، جعفر آباد، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بی این پی کے کارکن شرکت کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلو چستان نیشنل پارٹی کے نگراں حکومت سے متعلق تحفظ درست ثابت ہو گئے ہیں، نگراں حکومت کو لانے والے بی این پی کو انتخابات سے دور رکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم ہر صورت سیا سی میدان میں اتریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے