افغان مہاجرین کی آڑ میں صوبہ سندھ میں مقامی پشتون آبادی کو ہراساں ہرگز نہ کیا جائے،گورنر بلوچستان
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے کراچی میں انسپکٹر جنرل پولیس سندھ راجہ رفعت نے ملاقات کی. ملاقات کے دوران بلوچستان اور سندھ کے تاریخی برادرانہ رشتے، امن وامان کی صورتحال اور دونوں صوبوں کے درمیان تعاون اور اشتراک بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کی باعزت واپسی کا فیصلہ کیا ہے لیکن افغان مہاجرین کی آڑ میں صوبہ سندھ میں مقامی پشتون آبادی کو ہراساں ہرگز نہ کیا جائے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کو سندھ میں درپیش مشکلات کو بھی فوری طور پر حل کیا جائے. ملاقات میں دونوں صوبوں کے درمیان معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے اور خاص طور پر عوام کا عوام کے ساتھ روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا.