ڈومیسائل کے حصول میں مشکلات کی وجہ سے کوئٹہ کے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ ڈومیسائل کے حصول میں مشکلات کی وجہ سے کوئٹہ کے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے نگران صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ڈومیسائل کو ختم کرکے ایک ہی سرٹیفکیٹ کے اجراء کو یقینی بنائے تاکہ صدیوں سے بلوچستان میں آباد سیٹلرز کے بچوں کو بھی تعلیم اور نوکریوں کے حصول میں آسانی پیداہوسکے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ کوئٹہ کے شہریوں کیلئے تمام قانونی دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود ڈومیسائل کاحصول انتہائی مشکل ہوگیا ہے شہریوں کو ڈومیسائل کے لئے مہینوں مہینوں انتظار کا سامنا کرناپڑتا ہے بروقت ڈومیسائل نہ ملنے کی وجہ سے نوجوانوں کوسرکاری ملازمتوں اور تعلیم کے حصول میں مشکلات کاسامناہے ڈومیسائل نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان امتحانات بھی نہیں دے سکتے ہیں کیونکہ انتہائی فارم جمع کراتے وقت ڈومیسائل کی نقل بھی ساتھ لگانی پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں صدیوں سے آباد سیٹلرزکے ڈومیسائل نہ بننے کی وجہ سے بلوچستان میں انکے بچوں کیلئے تعلیم اور روزگار اورسرکاری نوکریوں کے درازے بند کردیئے گئے ہیں جو انکے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ اصل ضرورت اس امر کو سمجھنے کی ہے کہ اب یہ سیٹلرز کا لیبل ختم ہونا چاہئے کیونکہ ہمارے آباواجداد اس صوبہ بلوچستان میں پاکستان کیبننے سے بھی پہلے کے آباد ہیں اور ہمارے پورے پورے خاندانوں کے قبرستان تک یہاں ہیں لیکن چند سال پہلے آئے ہوئے افغانستان کے مہاجرین کو تو لوکل سرٹیفکیٹ مل جاتے ہیں لیکن سیٹلرز ابھی تک ڈومیسائل کے مرہون منت ہیں۔ انہوں نے نگران صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں فوری طور پر ڈؤمیسائل ختم کرکے صوبے میں صدیوں سے آبادشہریوں کیلئے باقی قوموں کی طرح لوکل سرٹیفکیٹ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔