صوبائی وزیر امان اللہ کنرانی نے تربت میں 6 بے گناہ مزدوروں کے قتل کو انسانیت سوز قرار دے دیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی و پراسیکویشن امان اللہ کنرانی نے تربت شہر میں 6 بے گناہ شہریوں و مزدوروں کے قتل کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے اس کو ایک بے رحمانہ کاروائی قرار دیا ہے۔ہفتہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنے گھروں سے دور اپنے بچوں کے پیٹ کی خاطر کبھی مزدوروں کو سمندر کی موجیں اپنی آغوش میں لیتی ہیں کبھی پہاڑوں کے پیٹ ان کو نگل لیتے ہیں تو کبھی اپنی مظلومیت کی شکار کے دعویدار معاشی مظلوموں و معاشی عدم مساوات میں مبتلا بے سہارا انسانوں کو اپنے انتقام کا نشانہ بناکر مظلوم کی فریاد و آہ فغان کو ایک دوسرے کی ہمدردی سے محروم کرکے دراصل مظلوم کو تنہا و بے یارو مددگار کس مپرسی کی حالت مبتلا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے طول عرض میں بے گناہوں کے خلاف ہر قسم کی کاروائیاں قابل تشویش ہیں۔