سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے ملازمین کی کم سے کم ماہانہ اجرت حکومتی پالیسی کے مطابق 32000 کر دی گئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے ملازمین کی کم سے کم ماہانہ اجرت حکومتی پالیسی کے مطابق 32000 کر دی گئی۔اس سلسلے میں یونیورسٹی کے ملازمین کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین کے اعزاز میں تقریب منعقد کی، جس میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، کنٹرولر اور ایڈمن اسٹاف نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بھی ملازمین سے حد درجہ ہمدردی، شفقت اور احساس کادرس دیتا ہے اس حوالے سے ایک حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ ”مزدور کو اِس کا پسینہ خُشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کرو“ اس حدیث میں ملازمین کی عظمت، محنت اور ضروریات کو بے انتہا اہمیت دی گئی اس طرح ایک حدیث مبارکہ میں حضور اکرم ؐنے فرمایا محنت کش تمہارے بھائی ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے تمہارے ماتحت بنادیااِن کو وہی کھلاؤ جو تم خود کھاتے ہو۔ وہی پہناؤ جو تم خود پہنو اور اِن کی اعانت کرواور اِن سے صلہ رحمی کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے ملازمین کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح رہی ہے، صوبے کی اکثر جامعات کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے لیکن سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی وہ واحد جامعہ ہے جو مالی دشواریوں کے بالائے طاق رکھ کر اپنے ملازمین کو حکومتی پالیسی کے تحت کم از کم ماہانہ اجرت میں کیے گئے اضافے کا فائدہ دے رہی ہے، تقریب کے اختتام پر تمام ملازمین نے وائس چانسلر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے عہد کیا کہ یونیورسٹی کو خوب سے خوب تر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔