قوم پرستوں نے نفرت کے بیج بو کر بلوچستان کو آگ و خون کی ہولی میں دھکیل دیا ہے،نورالدین کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں، غریب، محکوم طبقات اور عوام کی نمائندہ جماعت ہے،قوم پرستوں نے نفرت کے بیج بو کر بلوچستان کو آگ و خون کی ہولی میں دھکیل دیا ہے، بلوچستان میں تعلیم، مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیکر ترقی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے، ترقی کے لئے صرف اور صرف پیپلز پارٹی کے پاس وژن اور پالیسی موجود ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑ، سید حسنین ہاشمی، سردار عمران بنگلزئی،ایوب آغا و دیگر نے جمعہ کو پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے دفتر میں اعظم زہری، نصیب اللہ لانگو، منصور مینگل، خالد بڑیچ کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ایندھن کی طرح استعمال کرنے کے بعد انہیں تعلیم، روزگار، مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کے بجائے بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے آج صوبے کے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں ساحل و سائل، نئے صوبے کے قیام کا نعرہ لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے اپنے وعدوں کے لئے کیا اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، قوم و مذہب پرست جماعتوں نے بلوچستان کے ساتھ جو ظلم کیا ہے اس کے لئے تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کریگی ترقی اور خوشحالی کے لئے اولین شرط تعلیم ہے مگر اس پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ہی وہ وژن اور پالیسی ہے جس سے بلوچستان کو ترقی دی جاسکتی ہے نوجوان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں قیادت انہیں دل سے لگائے گی اور انکی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت نوجوانوں کا درست فیصلہ ہے ہم نوجوانوں کی ہر مثبت بات کی حوصلہ افزائی کریں گے پارٹی کارکن گھر گھر گلی گلی جائیں اور پارٹی کا پیغام عام کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے