فلسطینیوں سےاظہار یکجہتی، ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔
غزہ پر اسرائیل کی بدترین بمباری کا سلسلہ جاری ہے، 6روز میں فلسطینی علاقے پر کلسٹر بموں سمیت 6 ہزار سے زائد بم داغے گئے،شہر پر فضائیہ، بحریہ اور توپخانے سے چاروں اطراف سے بمباری جاری ہے، ہر 30 سیکنڈز بعد غزہ پر ایک بم گرایا جارہا ہے۔
غزہ پر اسرائیل کی بربریت کے خلاف پاکستان بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔جماعتِ اسلامی کے تحت ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے بعد مساجد کے باہر فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کیا گیا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
کراچی شہر کی اکثر مساجد کے باہر ہونے والے مظاہرے میں شریک جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کیا، اسرایل کے خلاف اور غزہ کے شہریوں کے حق میں نعرے بلند کیے۔جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام جعفر آباد میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی۔یہ ریلی ضلعی آفس سے ہوتی ہوئی مرکزی ٹی چوک تک پہنچی۔
جماعتِ اسلامی نے لاہور کے مال روڈ پر یک جہتیٔ فسلطین مارچ کیا، جس میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔یومِ یک جہتیٔ فلسطین احتجاجی ریلی سے علامہ راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کو مظلوم کے حق میں آواز اٹھانا پسند ہے، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے فلسطین پر ظلم کو روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج چھٹا دن ہے فلسطین میں جنگ جاری ہے، فلسطین میں جنگ نہیں ظلم و بربریت ہو رہی ہے، امریکا کہتا ہے حماس داعش ہے، خود بھول گیا کہ داعش تو امریکا کی تخلیق ہے، فلسطینیوں کوفلسطین کی تقسیم قبول نہیں، فلسطین میں کھانے پینے کی کمی ہے۔
فلسطینی عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے جمعیت علمائے اسلام کے زیرِ اہتمام کوہلو میں ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔جمعیت علمائے اسلام نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے فلسطین پر صیہونی بربریت روکنے کے لیے کردار ادا کریں۔
لاہور میں مرکز اہل حق شیرانوالہ گیٹ میں فلسطین سے اظہارِ یک جہتی کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا اجمل قادری اور دیگر نے شرکت کی۔مقررین کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بغیر کسی ابہام کے فلسطینی عوام کی حمایت میں کھڑی ہو۔
مولانا اجمل قادری کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔دیگر شہروں کی طرح سیالکوٹ میں بھی سرائیلی مظالم اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔سکھر میں شعیہ علماء کونسل کی جانب سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
حیدرآباد میں بھی مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا گیا۔اسلام آباد میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجلسِ وحدتِ مسلمین کے زیرِ اہتمام یوم یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔
ریلی کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ آج جمعے کا دن فلسطین کے مظلومین سے عہد وفا کا دن ہے، یہ ہر اس باضمیر، غیور اور شجاع کا احتجاج ہے جو مظلوم کا حامی اور ظالم کا مخالف ہے، اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھانا اخلاقی و انسانی فریضہ ہے۔
راولپنڈی میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی تعلیم القرآن راجہ بازار سے فوارہ چوک تک نکالی گئی۔مظاہرین نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔دادو میں بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی گئی۔دادو میں فلسطينيوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مرکزی جماعت اہلسنت نے ریلی نکالی۔
سکھر میں فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے بھی ریلی نکالی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یک جہتی کیا۔شہرِ قائد کراچی میں فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ناظم آباد گول مارکیٹ پر احتجاج کیا گیا، مجلس وحدت المسلین کی جانب سے کیے گئے مظاہرے میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے لیے پوری قوم کو یکجا ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی، فلسطین کے لیے اپنی آواز پوری دنیا تک پہنچانا ہوگی، سیاسی، مذہبی اور فلاحی تنظیموں کو بھی آواز اٹھانا ہو گی۔
کوئٹہ :تحریک لبیک کی زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یک جہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک ریلی سریاب روڈ سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کی ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کا واویلا کرنے والے آج فلسطین میں شہری آبادی پر اسرائیلی افواج کی بمباری نظر نہیں آتی جہاں معصوم بچے خواتین اور بڑے عمر کے لوگ نشانہ بن رہے ہیں امریکہ سمیت بڑی بڑی طاقتیں اسرائیل کومظالم سے روکنے کے بجائے انکی مدد رکررہے ہیں جو قابل مذمت ہیں ترکی کے طرح باقی مسلم ممالک کو بھی اسرائیل اور امریکہ کے خلاف میدان میں نکلنا چاہیے ایران افغانستان کے طالبان کو فلسطین جانے کا راستہ دے سب سے کمزور موقف ہمارے حکومت کی ہے مسلم امہ کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف خاموشی مجرمانہ فعل ہے اب بھی وقت ہے کہ مسلمان متحد ہوکر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے بصورت دیگر اسرائیل ایک ایک کر کے تمام مسلمان ممالک کو نشانہ بنائیں گے انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ میں بے گناہ افراد کی شہادت کے حوالے سے ابھی تک ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری عمل میں نہ لانا صوبائی حکومت کی نا اہلی ہے اب بھی وقت ہے کہ مستونگ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے عبرت کا نشان بنا یا جائے جنہوں نے عید میلاد النبی کے جلوس پر حملہ کرکے ثابت کردیا کہہ وہ حضور پاک ﷺ کے ولادت کے دن سینکڑوں مسلمانوں کو شہید کرکے اپنے آقاووں کی خوشنودی کیلئے ان سب کو خون میں نہلا دیا