سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کا بیانیہ کیا ہوگا یہ دیکھنا ہے،پرویز الہٰی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کا بیانیہ کیا ہوگا یہ دیکھنا ہے۔
توڑ پھوڑ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ن لیگ کو بڑی امید تھی۔ فیصلے کے بعد دیکھتے ہیں کہ نواز شریف کیا بیانیہ بناتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جہانگیر ترین اور نواز شریف تو رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کےبغیر الیکشن کی کوئی ساکھ نہیں ہوگی ان کے بغیر الیکشن بے معنی ہوگا۔ سائفرکیس کوئی بڑی بات نہیں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سرخرو ہوں گے۔
پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ جیل حکام سہولیات کے حوالے سے کسی عدالت کا حکم نہیں مان رہے۔ جیل میں ذاتی معالج سے علاج کی سہولت نہیں دی جارہی جبکہ سیل کے سامنے والی دیوار کو بھی تا حال نہیں ہٹایا گیا ہے۔ جج صاحب نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ کیا لیکن میرے سیل کا دورہ نہیں کیا۔
عدالت نے توڑ پھوڑ کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔