اسرائیل کا فلسطینیوں کو شمالی غزہ 24 گھنٹے میں خالی کرنے کا الٹی میٹم

یروشلم (ڈیلی گرین گوادر) اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹے کے اندر تمام 11 لاکھ فلسطینیوں کو شمالی غزہ چھوڑ کر جنوبی غزہ جانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے متوقع زمینی حملے سے قبل ٹینک غزہ کی پٹی کے قریب پہنچ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہاتھا کہ ’یہ جنگ کا وقت ہے‘، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بھاری بمباری جاری ہے، آنے والے دنوں میں غزہ شہر میں ’نمایاں آپریشن‘ کریں گے اور شہری تبھی واپس جا سکیں گے جب بعد میں اعلان کیا جائے گا۔

اسرائیلی فوج نے کہاتھا کہ غزہ کے شہریوں کو اپنی اور اپنے خاندانوں کی حفاظت کے لیے جنوب چلے جائیں، اور خود کو حماس سے دور کر لیں، جو آپ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے زمینی حملے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں ، برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ کی سرحد پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس حوالے سے فوجی دستے، بھاری توپ خانے اور ٹینک جمع کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں نقل مکانی آسان نہیں، پہلے ہی 4 لاکھ 23 ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیل غزہ کے شہریوں کو انخلا کا حکم واپس لے۔قبل ازیں اسرائیل نے 6 روز میں غزہ پر 6 ہزار بم اور 4 ہزار ٹن بارود برسانے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 1572 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد7 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں بجلی، پانی، خوراک اور میڈیکل سپلائی بند ہونے سے انسانی المیہ بھی جنم لینے لگا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں 50 سے زائد طبی عملے کے ارکان بھی شہید ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی (آئی سی آر سی) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے ہسپتالوں میں بجلی کی کمی کی وجہ سے ان کے مردہ خانوں میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔علاوہ ازیں ہیومن رائٹس واچ نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنانی سرحد پر حملوں کیلئے ممنوعہ سفید فاسفورس بم استعمال کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ اسرائیل کی مدد کیلئے نگرانی کا طیارہ ، پی 8 طیارے اور میرین کی ایک کمپنی مشرقی بحیرہ روم بھیجے گا،برطانوی وزیراعظم رشی سونک کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ برطانیہ حماس کے اچانک حملے کے بعد بین الاقوامی قانون کے دائرے میں رہ کر تشدد کے خاتمے کے لیے اسرائیل کی حمایت کرتا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شام پر بھی حملے کیے ہیں، دمشق اور حلب کے ہوائی اڈوں پر بمباری سے رن ویز کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے