صوبے میں اہم مقدمات کی تفتیش کو موثر نگرانی کے ساتھ جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،عبدالخالق شیخ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پو لیس بلو چستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ صوبے میں اہم مقدمات کی تفتیش کو موثر نگرانی کے ساتھ جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گااور ان مجرموں کو سخت سے سخت سزا دلانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اوربہت جلد وہ قانون کی گرفت میں ہونگے۔ان خیالا ت کا اظہارآئی جی پولیس نے سینٹرل پولیس آفس میں سیر یس کرائم انویسٹی گیشن ونگ ہومی سائیڈ ٹیم کے تفتیشی افسران کو تعریفی اسناد دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے آئی جی آپریشن عبدالحق عمرانی،ایس پی سی آئی اے محمد خان، آئی پی عتیق الرحمن، آئی پی اسد مندوخیل اور آئی پی افطاب کھوسہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پولیس نے کہا ہے کہ تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے افسران و اہلکار محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور بے لوث خدمت بلوچستان پولیس کا اولین فریضہ ہے اور اس فرض کو محنت، ایمانداری اور خلوص نیت سے نبھانے والے افسران و ملازمین اپنے فرائض صحیح معنوں میں سرانجام دے رہے ہیں۔ آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ ایسے فرض شناس افسران پوری فورس کے لیے مشعل راہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی بلوچستان پولیس کی بہترین روایت ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ تھانہ کچلاک کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام محمد کاسی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرنے پر سیر یس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کی ہومی سائیڈ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور تمام افسران کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے