مشکلات سے کیسے نکلیں؟ حل بتانے نواز شریف واپس آرہا ہے، مریم نواز

لاہور(ڈیلی گرین گوادر)مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مشکلات سے کیسے نکلیں؟ حل بتانے نواز شریف واپس آرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چیئرمینز، کونسلرز اور کارکنوں سے مشاورت کی اور قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

مریم نواز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عوام پریشان ہے، اسی لئے نواز شریف واپس آرہا ہے، پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ نواز شریف واپس آرہا ہے، نوجوان مزدور دیہاڑی دار بے روزگار ہے اسی لئے نواز شریف واپس آرہا ہے، دہشت گردی لوٹ آئی ہے اسی لئے نواز شریف واپس آرہا ہے، نوجوان کو روزگار دینے والا نواز شریف واپس آرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غریبوں کا ساتھی اور ہمدرد صرف نواز شریف ہے، سارے تجربے فیل ہو گئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا ، وہ ہے نواز شریف، نواز شریف قوم کو اچھے دِن پھر دکھائے گا، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا، 2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے، 4 اگست 2016 کو وزیراعظم نواز شریف نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا لیکن مہنگائی نہیں ہونے دی۔اجلاس میں سابق اراکین قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے علاوہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی غلام حبیب اعوان، ملک وحید احمد، خواجہ سلمان رفیق، رانا احسن شرافت اور باؤ اختر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ پارٹی قائد کے استقبال کے لئے مینار پاکستان میں سجائے جانے والے پنڈال میں قائد کی آمد و دیگر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لئے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں، ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے؛ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا جبکہ پلان بی کے مطابق نواز کو شریف سڑک کے راستے براستہ مال روڈ یا رنگ روڈ سیکیورٹی کے سخت حصار میں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ اسٹیج تیار کیا جائے گا، پہلی منزل پر پارٹی قائد نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے لیے مختص ہو گی، دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کے لئے مختص ہو گی جبکہ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔

پنڈال میں لاہور سمیت دیگر اضلاع کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے نمبروں کے حساب سے الگ الگ انکلیو بنائے جائیں گے، مینار پاکستان جلسے میں کارکنان کی آمد کے لئے شاہدرہ اور نیازی (بتی) چوک کے راستے بیرونی اضلاع سے آنے والے قافلوں کو راوی روڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی، ملتان روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے قافلوں کو ٹیکسالی گیٹ والی سائیڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی جبکہ مرکزی رہنماؤں کو مینار پاکستان کے عقبی گیٹ سے انٹری دی جائے گی۔

پنڈال میں ہر ایک انکلیو میں 3500 سے 5500 کرسیاں لگائی جائیں گی، 6 بڑی ایس ایم ڈیز بھی نصب کی جائیں گی، داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے اور جلسہ گاہ میں پارٹی قائد کی آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

تمام ٹکٹ ہولڈرز اور سابق صوبائی اراکین اسمبلی کو 3500 کارکنان کو جلسہ گاہ لانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ قومی اسمبلی کے سابق ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کو 5000 کارکنان لانے کی زمہ داری سونپی گئی ہے، پنڈال میں مخصوص انکلیو بنا کر ہر ایک رہنما کے کارکنان کی تعداد گنی جائے گی، کارکنان لانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دینے والوں کی آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کنفرم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے