شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے شہبازشریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مشاورت و اشتراک کے عمل سے آگے بڑھنے کا فیصلہ بھی کیا جبکہ دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ ملک کو بحرانوں سے متحد ہوکر نماٹایا جاسکتا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 20 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں آپ نے بھرپور تعاون کیا، تمام جماعتوں نے 16 ماہ میں سیاست کا نہیں صرف ریاست بچانے کا سوچا، پاکستان کو اتحاد، مشاورت اور اشتراک عمل ہی بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔لیگی صدر نے کہا کہ قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی وجمہوری نظام مضبوط ہوگا۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے، سچ بے نقاب ہوچکا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گئے، نوازشریف اور ان کے خاندان کو ناحق ستایا گیا، یہ تاریخ کا سیاہ اور افسوسناک باب رہے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ تسلیم کیا لیکن نوازشریف کو ہی سیاسی نظام سے باہر کردیاگیا، سیاسی رہنماﺅں کو ناحق چور ڈاکو کہنا سیاسی انجینئرنگ کا کھیل تھا۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمان کی آمد پر شہبازشریف نے اُن کا استقبال کیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔