تین ہفتے کی مدت میں نگران حکومت صحت کے حوالے سے تاریخی کام کرچکی ہے، ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی
دکی(ڈیلی گرین گوادر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال دکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فیاض علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر رفیق احمد بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر نصیب اللہ لونی، ایم ایس ڈاکٹر جوہر خان شادوزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں شعبہ حادثات سمیت چائلڈ وارڈ اور ڈی ایچ او افس سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔ڈی ایچ او دکی ڈاکٹر رفیق بلوچ نے انہیں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات سمیت سول ہسپتال دکی میں ادویات اور دیگر وسائل نہ ہونے کہ وجہ سے انہیں تفصیلی بریفننگ دی۔ ا س موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے کہا کہ تین ہفتے کی مدت میں نگران حکومت صحت کے حوالے سے تاریخی کام کرچکی ہے۔ جن میں سب سے بڑا کام 22 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ کی فراہمی ہے۔ صحت کارڈ کیلئے اب کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اپکے جیب میں موجود اپکا شناختی کارڈ ہی صحت کارڈ ہوگا جو 25 اکتوبر سے کارآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے سات ارب روپے ریلیز کردئیے گئے ہیں۔ اور صحت کارڈ پر علاج کیلئے ملک بھر کے بارہ سو ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں فی مریض کیلئے دس لاکھ روپے تک کا علاج صحت کارڈ کے ذریعے ہوتا ہے لیکن ہم نے صوبہ بلوچستان کے عوام کی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے رقم بڑھا کر بارہ لاکھ روپے فی مریض کے علاج کیلئے رکھ دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر کوئٹہ کو سہولتوں سے اراستہ کردیا گیا ہے۔لورالائی ہسپتال میں موجود ڈائلاسز سسٹم دو سال سے غیر فعال تھا جسکو فنکشنل کرکے کل افتتاح بھی کردیا گیا اور لورالائی ہسپتال میں دوسرا آپریشن تھیٹر بھی فنکشنل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک کمیٹی ڈپٹی کمشنر کی زیرنگرانی بنائی جائیگی جسمیں ڈی ایچ او اور ایم ایس سمیت دیگر کو شامل کیا جائیگا اور یہ کمیٹی ماہانہ میٹنگ کرکے مینٹس تیار کریگی اور ہم انہی منٹس کو دیکھتے ہوئے کمیٹی کے جو ڈیمانڈز ہونگے انکو پورا کرنے کی کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے عوام کی حالت سے بہت اچھی طرح واقف ہوں۔ کوشش کررہے ہیں کہ صحت کی بہترین سہولیات انکے دہلیز پر فراہم کرسکیں۔