بی یوجے کی جانب سے صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرکے سندھ میں قتل ہونے والے صحافی شہیدجان محمد مہر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا بی یو جے قیادت نے دو ماہ گزرنے کے باوجود صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم اور سندھ حکومت سے نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیابی یو جے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر بی یو جے صدر عرفان سعید کی قیادت میں کیاگیا۔ مظاہر ے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی صحافیوں کو تحفظ دینے، جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری اور آزادی صحافت کے حق میں شدید نعرہ بازی بھی کی شرکا نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے مظاہرے سے بی یو جے کے صدر عرفان سعید پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس صحافی کے قتل پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ سکھر پریس کلب کے سابق صدر و سینئر صحافی جان محمد مہر کو 55روز قبل قتل کیا گیا تاہم ملزمان آج بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ساتھیوں نے سکھر پریس کلب کے سامنے ایک ہفتے تک بھوک ہڑتال کی اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ مقررین نے حکومتی اور پولیس رویہ کی مذمت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، کوئٹہ کے دورے پر آئے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹسوری سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافی کے قتل کے کیس میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کرائیں تاکہ نہ صرف ملزمان گرفتاری بلکہ اس کیس میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کی نشاندہی ہوسکے۔ بی یو جے اور پی ایف یو جے قیادت جان محمد مہر سمیت بلوچستان میں شہید کئے گئے صحافیوں کو انصاف دلانے سے متعلق اپنے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے اور پی ایف یو جے کی جانب سے ہر قسم کی احتجاجی لائحہ عمل پر مکمل اور بھر پور عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں کوئٹہ پریس کلب کی قیادت نے بھی شرکت کی۔ جبکہ مظلوم اولسی تحریک اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کرکے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے