آزاد و خودمختار ریاست فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ جاری جنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مخاصمت میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں ابھرتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر فکر مند ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کا حامی ہے۔پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔انہوں نے ہم عالمی برادری سے شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے عالمی امن کو خطرہ درپیش ہے۔ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کی فوری ضرورت ہے جس کے لئے اقوام عالم کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ہم شہریوں کے تحفظ اور تحمل پر زور دیتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن صرف اور صرف دو ریاستی حل میں ہی مضمر ہے۔ان میں سے ایک خودمختار ریاست فلسطین ہے جس کی بنیاد 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر رکھی گئی تھی اور جس کا دارالخلافہ بیت المقدس ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اسلامی ملکوں کی تنظیم او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ جنگی جھڑپوں میں فلسطین کے لئے آواز اٹھائیں اور عرصہ دراز سے حل طلب مسئلہ فلسطین کے لئے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے اور اس حق کے حصول کے لئے مسلم ممالک کو آزاد ریاست فلسطین کے قیام کے لئے بھرپور آواز اٹھانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے جبر و ظلم کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد قابل ستائش و باعث فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام عالم اور دیگر تنظیمیں مشرق وسطیٰ میں حالیہ جنگی حالت کو کنٹرول کرنے اور دیرپا حل نکالنے میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے