پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی تمام خواتین کا خیر مقدم کرتے ہیں،میر علی حسن زہری

حب(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے حب میں سینکڑوں خواتین کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم دل کی گہرائیوں سے اپنی ماؤں بہنوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے صحیح فیصلہ کیا اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے عباس گدور گوٹھ موضع کنڈ کی سینکڑوں خواتین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شمولیت اختیار کرنے والی تمام خواتین کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو عزت دی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سفر میں خواتین کا اہم کردار رہا ہے۔ سب سے بڑی مثال شہید بی بی بینظیر بھٹو ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو اپنی شبانہ روز محنت اور ولولہ انگیز قیادت سے پاکستان کی سب سے بڑی اور ہر دلعزیز پارٹی بنایا۔ میر علی حسن زہری نے سعودی عرب سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں دُر بی بی بزنجو، جنرل سیکرٹری شریف پالاری،زبیدہ عیدو گدور کو سینکڑوں خواتین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جوکروڑوں گھرانوں کے چولہے روشن رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے شمولیت کرنے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی شمولیت سے پارٹی مزید فعال اور منظم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم علاقے کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے اور عوام کی فلاح و بہبود سمیت خواتین کے مسائل کے حل کے لئے اجتماعی منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے اور مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا کہ پارٹی کا منشور و پیغام گھر گھر پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور پاکستان کو دیرپا اور تیز رفتار ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے